کمرشل ادب اور عوام
احمد فراز و پروین شاکر آج بھی عوام میں ثروت حسین اور شکیب جلالی جیسے دیوقامت شاعروں سے زیادہ مشہور ہیں ۔بلکہ یہ دونوں عوامی پذیرائی میں کئی انتہائی اہم شعرا سے زیادہ مشہور ہیں ۔ اگر نام لکھے جائیں تو کم پڑ جائیں گے ۔ ان کو یہ شہرت کیسے ملی ؟ ظاہر ہے لائم لائٹ میں آنے سے مین سٹریم میں رہنے سے ۔ ثروت مشاعرہ پڑھتا تو بتائیں عوامی شہرت اس کے لیے کیا مشکل تھی؟ جون ایلیا کی مثال سامنے ہے جو کچھ مشاعرے پڑھ کے آج فراز کی شہرت کو بھی یچھے چھوڑ گئے ۔ جب کہ مشاعرے میں انہوں نے بہت عام سی چیزیں پڑھیں ۔ اور عوام کوئی داد نہیں دیتی تھی ہنستی تھی اور ہُوٹ کرتی تھی ۔ یہی ہوتا ہے مگر ہمارا شاعر شہرت کی خواہش میں اسے داد سمجھتا ہے ۔ عوام کو کوئی غرض نہیں جیسے یہی عوام جو جون صاحب کی بہت بڑی فین ہے انہوں نے جون ایلیا کی شہر آشوب کبھی نہیں پڑھی ہوگی !
کیا اب بھی وقت نہیں آیا کہ ادب کے خدمت گار یہ سمجھیں کہ عوام کا شعور بلند کرنا ہے نہ کہ ہمیں اپنی ٹکے کی شہرت کے لیے عوام کی سطح پر آنا ہے ۔ کہیں وہ ساغر صدیقی ، کہیں تنویر سپرا کہیں اقبال ساجد کہیں سارا شگفتہ کہیں منچندا بانی ۔ یہ کوئی عام لوگ نہیں مگر عوام انہیں آج بھی نہیں جانتی ۔ خود ظفر اقبال و ن م راشد کو عوام نہیں جانتی کون کون سے نام لوں ؟
ناصر کاظمی کو گایا نہ جاتا تو آج اسے کوئی نہ جانتا ۔ المیہ تو یہ ہے کہ یہ چلن ابھی بھی پریکٹس میں ہے ۔ جینوئن آدمی گھٹ گھٹ کے مر جاتا ہے اپنے سروائیول کے لیے اسے لکھنا ہی آتا ہے اور وہ بے مصرف ہے ۔ وہ ڈبل چکی میں پِستا ہے جو کام ملے کر لیتا ہے جب کہ شاعری سے شہرت پا کر اپنی معاش چلانے والے مزے سے جیتے ہیں عہدوں اور مراعات کے مزے لوٹتے ہیں ۔ شاعر اور ادیب سماج کا اجتماعی شعور ہوتے ہیں یہ کمرشل لوگ دراصل اسی شعور کے قاتل ہیں اور ادبی منظر نامے کو گدلا کرتے ہیں ۔ یقین کریں سماعتوں میں تعفن بھر چکا ہے اور قیمتی لوگ رایگاں ہیں ۔
میں یہ لکھتا بھی کسی کے لیے نہیں کیونکہ میں جنہیں بزعم خود سنجیدہ سمجھتا آیا ہوں انہیں بھی انہی کاموں میں مگن انہی مسخروں کو سراہتے دیکھا ہے ۔ میں مایوس ہوں ۔ دیکھیے دنیا کے بڑے لوگ کیسے سوچتے ہیں اور ہم ۔۔۔
Anyone who regards poetry as an entertainment, as "a read", commits an anthropological crime, in the first place, against himself.
Joseph Brodsky
To be a poet is a condition, not a profession.” — Robert Graves
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں